کراچی: پاک بحریہ 24 سے 28 فروری 2025 تک مشق سی گارڈ 25 کا انعقاد کر رہی ہے، جس کا مقصد پاکستان کی سمندری حدود میں تمام اسٹیک ہولڈرز کے ذریعے سیکیورٹی کے موجودہ طریقہ کار کو جانچنا اور مشترکہ آپریشنل صلاحیتوں کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
اس موقع پر کمانڈر کوسٹ، رئیر ایڈمرل فیصل امین نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ پاکستان کی ایک ہزار کلومیٹر سے زائد ساحلی پٹی بیش بہا قدرتی وسائل سے مالامال ہے، تاہم ان وسائل کے ساتھ ساتھ غیر قانونی ماہی گیری، منشیات اور انسانی اسمگلنگ، ماحولیاتی تبدیلی جیسے مختلف میری ٹائم چیلنجز بھی جنم لیتے ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
کمانڈر کوسٹ نے مزید کہا کہ 2013 میں جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر قائم کیا گیا تھا تاکہ میری ٹائم ڈومین کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم فراہم کیا جا سکے ۔
گزشتہ سال 2024 میں مشق سی گارڈ سیریز کا انعقاد کیا گیا، جس میں 50 سے زائد اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی، جو کہ پاکستان کی میری ٹائم سیکیورٹی کے مشترکہ مقصد میں پاک بحریہ کی کاوشوں پر ان کے بھرپور اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ مشق مشترکہ آپریشنز کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور میری ٹائم سیکورٹی کو درپیش نئے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے ایک سنگ میل کے طور پر استعمال ہو گی۔