چیمپئنزٹرافی کا رنگارنگ میلہ سجنے میں 3 روز باقی ہے۔ افتتاحی تقریب آج شاہی قلعہ لاہور میں ہوگی۔ کرکٹ لیجنڈز، پی سی بی اور آئی سی سی کے حکام شرکت کریں گے۔ عاطف اسلم پرفارم کریں گے۔
کون بنے گا چیمپئنز ٹرافی کا چیمپئن؟ 8 ٹیمیں، 15 میچز، ٹرافی صرف ایک، ٹائٹل کی جنگ شروع ہونے میں بس تین روز باقی ہے۔ ایونٹ کی افتتاحی تقریب آج شام چھ بجے لاہور کے شاہی قلعہ میں ہوگی۔
کرکٹ لیجنڈز میں پینل ڈسکشن ہوگی، پی سی بی اورآئی سی سی حکام شرکت کرینگے، گلوکارعاطف اسلم ٹائٹل سانگ گائیں گے۔
سنسنی خیز میچز کا آغاز 19 فروری سے ہوگا، افتتاحی میچ میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں شیڈول ہے۔ افتتاحی میچ سے قبل بھی مختصر تقریب ہوگی۔ پاک فضائیہ کے طیارے فلائی پاسٹ کریں گے۔
انیس دن تک جاری رہنے والے اس میگا ایونٹ میں کراچی، لاہور، راولپنڈی اور دبئی کے میدان کرکٹ کے سنسنی خیز مقابلوں کی میزبانی کریں گے، جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 9 مارچ کو کھیلا جائے گا، اور فاتح ٹیم کو 61 کروڑ روپے سے زائد کی انعامی رقم ملے گی۔ بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں دبئی پہنچ چکی ہیں، جبکہ بنگال ٹائیگرز کل پاکستان شاہینز کے خلاف پریکٹس میچ کھیلیں گے۔