پولیس نے 9 مئی جناح ہاؤس حملہ کیس میں بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو بے قصور قرار دے دیا۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں علیمہ خان کے خلاف9مئی کے مقدمات میں عبوری ضمانتوں پرسماعت ہوئی۔ عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں عبوری ضمانت واپس لینے کی بناپرخارج کردی۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ علیمہ خان اورعظمی خان کےخلاف تفتیش مکمل ہے، علیمہ خان اورعظمی خان جناح ہاؤس کیس میں بے قصور ہیں۔ ان کی جناح ہاؤس کیس میں گرفتاری درکار نہیں، تفتیشی افسر کے بیان کے بعد علیمہ خان اور عظمی خان نے جناح ہاوس کیس میں درخواست ضمانتیں واپس لے لیں۔
یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا۔
مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔