ایف بی آئی اور نیدرلینڈز پولیس کی جانب سے صائم رضا نیٹ ورک کی انتالیس ویب سائٹس بند کیے جانے کے معاملے پر پی ٹی اے کا ردعمل سامنے آگیا۔
ترجمان پی ٹی اے کے مطابق ان ویب سائٹس کی بلاکنگ میں ادارے نے کوئی معاونت فراہم نہیں کی اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی باضابطہ درخواست موصول ہوئی۔
ترجمان پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ کسی بھی اندرونی یا بیرونی ادارے نے پاکستان سے اس معاملے پر کوئی رابطہ نہیں کیا۔ پی ٹی اے کے مطابق ان ویب سائٹس کی ہوسٹنگ پاکستانی سرور پر نہیں تھی اور امریکی محکمہ انصاف کے بیان کے مطابق یہ نیٹ ورک بظاہر نیدرلینڈز سے آپریٹ ہو رہا تھا۔
محکمہ انصاف کے مطابق ڈچ حکام کی مدد سے ان ویب سائٹس کو ضبط کر لیا گیا ہے اور اس اقدام کے نتیجے میں یہ سائٹس عالمی سطح پر آف لائن ہو جائیں گی۔
ترجمان پی ٹی اے نے مزید کہا کہ قومی سطح پر سائبر سیکیورٹی کو مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں نیشنل ٹیلی کام کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم قائم کی گئی ہے جو سائبر خطرات۔ فشنگ ای میلز اور آن لائن فراڈ کی نگرانی کرتی ہے۔
پی ٹی اے عالمی پلیٹ فارمز جیسے گوگل اور فیس بک کے ساتھ بھی رابطے میں ہے تاکہ فشنگ ویب سائٹس اور دھوکہ دہی پر مبنی لنکس رپورٹ کرکے ان کی بلاکنگ کو یقینی بنایا جا سکے۔