عالمی منڈی میں جمعرات کو خام تیل کی قیمتوں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ برقرار ہے۔
عالمی منڈی میں امریکی خام تیل 2 سینٹ یا 0.03 فیصد اضافے سے 72.64 ڈالر پر جاپہنچا۔ برینٹ کروڈ 7 سینٹ یا 0.1 فیصد کی کمی سے 76.51 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔
دوسری جانب عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے سبب ہائی اسپیڈ ڈیزل، پیٹرول اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں 6 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 31 جنوری کے حتمی تخمینے کے مطابق پیٹرول کی ایکس ڈپو قیمت میں 2 سے 3 روپے فی لیٹر اضافے کا تخمینہ لگایا گیا، مٹی کے تیل اور ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً 6 روپے فی لیٹر اضافے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
یہ تخمینہ عالمی منڈی میں تیزی کے رجحان پر لگایا گیا ہے، جہاں برینٹ کروڈ کی قیمتوں میں گزشتہ 15 روز میں 2 ڈالر فی بیرل تک کا اضافہ ہوا ہے۔
ان ذرائع نے بتایا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں ایچ ایس ڈی کی اوسط قیمتوں میں 2.50 ڈالر فی بیرل سے زیادہ کا اضافہ ہوا، جب کہ پیٹرول کی قیمت میں گزشتہ پندرہ دنوں میں تقریباً 50 سینٹ فی بیرل کا اضافہ دیکھنے میں آیا، مٹی کے تیل کی ایکس ریفائنری قیمت میں بھی اضافہ ہوا۔ پیٹرول پر درآمدی پریمیئم تقریباً 40 سینٹ اضافے کے ساتھ 8.84 ڈالر فی بیرل ہوگیا ہے، جب کہ ڈیزل پر اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ زرتبادلہ کی شرح بھی عام طور پر مستحکم رہی۔
نتیجتاً 29 جنوری کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 سے 6 روپے فی لیٹر اور پیٹرول کی قیمت میں 2 سے 2.50 روپے فی لیٹر کا اضافے کا امکان ہے۔
اس وقت پیٹرول کی ایکس ڈپو قیمت 256 روپے 13 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 260 روپے 95 پیسے فی لیٹر، جب کہ مٹی کے تیل کی سرکاری قیمت 169 روپے 25 پیسے فی لیٹر ہے، تاہم یہ مارکیٹ میں اس قیمت پر شاذ و نادر ہی دستیاب ہے۔