مراکش کشتی حادثہ میں بچ جانے والے سات پاکستانی دو مختلف فلائٹس کے ذریعے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق براستہ دبئی واپس آنے والوں میں عامر علی، عزیز بشارت، عمران اقبال اور شعیب ظفر شامل ہیں محمد آصف، مدثرحسین اور عباس کاظمی براستہ دوحہ مراکش سے اسلام آباد آئے ہیں واپس آنے والوں کا تعلق منڈی بہاالدین، گجرات، حافظ آباد اور سیالکوٹ سے ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق واپسی پر ایف آئی اے امیگریشن سرکل تھانے میں پوچھ گچھ کی گئی ہے حادثہ متاثرین غیر قانونی طریقے سے براستہ سینیگال اسپین جانا چاہتے تھے اس کیلئے فی کس سولہ سے پچیس لاکھ روپے فی کس طے پائےتھے۔
ایجنٹوں کا تعلق وزیرآباد، لاہور،گجرات اور سیالکوٹ کے علاقوں سے ہے ایجنٹوں کی نشاندہی کے حوالے سے معلومات لی جا رہی ہیں متاثرین نے بیان دیا ہےکہ مراکش میں انسانی اسمگلرز نے تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا ہے۔
دوسری طرف جمہوریہ کانگو میں پھنسے پاکستانیوں سے متعلق ترجمان دفترخارجہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنازعات میں اضافے کے بعد گوما شہر میں ڈیڑھ سو پاکستانی پھنس گئے تھے جنہیں روانڈا میں داخلے کی اجازت مل گئی ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق اب تک 75کے قریب پاکستانی روانڈا جا بھی چکے ہیں پاکستانی ہائی کمیشن کیگالی نے پاکستانیوں کے لیے رہائش اور کھانے کا انتظام کیا ہےہائی کمیشن کا عملہ مدد کی درخواست کرنے والے ہر شخص سے رابطے میں ہے۔