شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے میجر حمزہ اسرار شہید کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کر دی گئی۔
راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ میجر حمزہ اسرار شہید کی نمازہ جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور اعلیٰ سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔
شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قوم کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ایسی اعلیٰ قربانیاں قومی عزم کو تقویت دیتی ہیں اور آنے والی نسلوں کے لیے پرامن اور محفوظ پاکستان کو یقینی بنانے کے لیے اجتماعی یقین کو تقویت دیتی ہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ قوم دہشتگردی کیخلاف جنگ میں افواج اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔
نماز جنازہ کے بعد شہید میجر حمزہ اسرار کے جسد خاکی کو ان کے آبائی گاؤں پہنچا دیا گیا جہاں انہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔
میجر حمزہ شہید کی حال ہی میں شادی ہوئی تھی جبکہ ان کے سوگواران میں اہلیہ، والدین اور بہن بھائی شامل ہیں۔