کراچی پولیس انتہائی مطلوب ملزم کی حفاظت نہ کرسکی۔ پنجاب پولیس کی جانب سے حوالے کیا گیا 100 سے زائد مقدمات میں مطلوب ملزم کراچی ساؤتھ انویسٹی گیشن پولیس کی حراست سے فرار ہوگیا۔ غفلت پر تھانہ گذری کے انچارج انوسٹی گیشن کومعطل کردیا گیا۔
کراچی پولیس کے افسران کی مبینہ غفلت کے باعث پنجاب سے لایا گیا ریاست نامی ملزم فرار ہوگیا۔ ایس پی انویسٹی گیشن نے بھی ملزم کے فرار ہوجانے کی تصدیق کردی۔
پولیس ذرائع کے مطابق فرار ملزم کو گیسٹ ہاؤس میں ٹھہرایاگیا تھا، ملزم کےخلاف بوٹ بیسن، گذری اور کلفٹن سمیت دیگر تھانوں میں کئی مقدمات درج ہیں۔ ملزم ریاست پر سندھ اور پنجاب میں ایک سو سے زائد مختلف نوعیت کے مقدمات درج ہیں۔
غفلت کے مرتکب ایس آئی او گذری کو معطل کرکے عہدے سے ہٹادیا گیا ہے اور معاملے کی انکوائری ڈی ایس پی انوسٹی گیشن کلفٹن کو سونپی دی گئی ہے۔ ملزم کے خلاف آخری مقدمہ تین جنوری کو بوٹ بیسن تھانے میں درج ہوا تھا۔ واردات میں ملزم نے ڈیڑھ سے دو کروڑ روپے مالیت کے زیورات اور نقدی چوری کئے تھے۔





















