پنجاب میں بے گھر اور مستحق خاندانوں کو مفت پلاٹ دینے سے متعلق اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں بے گھر اور مستحق خاندانوں کو مفت پلاٹ دینے سے متعلق منصوبے کے ٹی او آرز طے کرنے کے لئے 8 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی۔
یاد رہے کہ دو ہفتے قبل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے بے گھر اور مستحق خاندانوں کو مفت پلاٹ دینے کی اسکیم کا اعلان کیا تھا۔
اجلاس میں تین اور پانچ مرلے کی ہاؤسنگ اسکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، وزیر اعلیٰ نے پنجاب میں گھر بنانے کا ہدف پورا کرنے کا حکم دے دیا، وزیراعلیٰ نے فروری میں پنجاب میں بیس ہزار گھروں کی تعمیر کا ٹارگٹ دیا ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ سالانہ ایک لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف ہر صورت پورا کیا جائے۔
اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ نو ہزار پندرہ مکانوں کی تعمیر کے لئے 8 ارب 20 کروڑ روپے کے قرضے جاری کیے گئے، 2050 افراد کو مکانات کی تعمیرات کیلئے قرض کی دوسری قسط بھی مل گئی۔ اپنی چھت،اپنا گھر پروگرام کے تحت 4 ہزار 841 گھر زیر تکمیل ہیں ۔اپنی چھت،اپنا گھر پورٹل پروزٹ کرنے والے شہریوں کی تعداد 7 لاکھ 28 ہزارسے بڑھ گئی۔
حکام کے مطابق اپنی چھت،اپنا گھرکیلئے تقریبا4لاکھ سے زائد درخواستیں مکمل دستاویزات کے ساتھ آگئیں۔ 74 ہزار سے زائد ڈرافٹ ایپلی کیشن بھی اپنی چھت،اپنا گھر پورٹل میں جمع،دستاویزات جمع کرانے کا عمل جاری ہے۔





















