ایس آئی ایف سی کے تعاون سے سی پیک کے تحت معاشی بحالی کے لیے اسپیشل اکنامک زونز کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔
حکومت کا ٹھٹھہ کے علاقے میں ’دھابیجی اسپیشل اکنامک زون‘ کے قیام کے لیے چینی اور مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے۔
دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کے کراچی کی بندرگاہوں کے قریب ہونے سے عالمی تجارتی راستوں سے بہترین رابطہ فراہم ہوگا جبکہ اس زون کے قیام سے 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری اور 1 لاکھ سے زائد ملازمتیں پیدا ہونے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سی پیک کے دوسرے مرحلے میں ’دھابیجی اسپیشل اکنامک زون‘ کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت مکمل کیا جائے گا۔ ملکی معیشت کی بحالی کے لیے اس معاہدے کو پاکستان اور چین کے درمیان صنعتی تعاون میں اہم سنگ میل قرار دیا گیا ہے۔
چینی کاروباری ادارے ’دھابیجی اسپیشل اکنامک زون‘ میں اپنی موجودگی بڑھانے کے خواہش مند ہیں جبکہ ’دھابیجی اسپیشل اکنامک زون‘ پاکستان کی معیشت میں صنعتی ترقی، برآمدات میں اضافہ اور خود انحصاری کو فروغ دے گا۔
دھابیجی اسپیشل اکنامک زون‘ مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے ایک اہم مرکز کا کردار ادا کرے گا۔ ایس آئی ایف سی کے تعاون سے یہ اہم منصوبہ پاکستان کی معیشت کو پائیدار اور خود کفیل بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔