پاکستان ٹیکسٹائل کونسل نے حکومت کی جانب سے کیپٹو پاور پلانٹ کے لیے گیس کے نرخوں میں اضافے کو برآمدات کے لیے دھچکا قرار دے دیا۔
پاکستان ٹیکسٹائل کونسل کی طرف سے جاری اعلامیے میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے حالیہ فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حکومت کا گیس نرخ میں ساڑھے سولہ فیصد سے بھی زیادہ اضافہ ٹیکسٹائل سیکٹر کے لیے سنگین دھچکا ہے کیونکہ یہ سیکٹر پہلے ہی بڑھتے ہوئے پیداواری اخراجات اور عالمی مسابقت کے دباؤ کا شکار ہے۔
یہ اچانک اضافہ عالمی منڈیوں میں پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات کو شدید متاثر کرے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ حکومت کی واضح برآمدات کے خلاف رجحان کی نشاندہی کرتا ہے، حکومت ٹیکسٹائل صنعت پر اضافی بوجھ ڈال کر ادائیگیوں کے توازن کو خطرے میں ڈالنے کا خطرہ مول لے رہی ہے۔
پاکستان ٹیکسٹائل کونسل کے چیئرمین فواد انور نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فیصلے پر نظر ثانی کرے اور ایسی پالیسیاں مرتب کرے جو برآمدی ترقی میں مددگار ہوں۔