وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے پشاور ڈیرہ اسماعیل خان 365 کلو میٹر موٹر وے فلیگ شپ منصوبے کیلئے زمین کی خریداری شروع کرنے کا حکم دے دیا، محکمہ خزانہ کو 2 ارب روپے جاری کرنے کی ہدایت بھی کردی، موٹر وے پر 19 انٹر چینج اور 2 ٹنل بھی تعمیر کی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت پشاور ڈی آئی خان موٹر وے سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں منصوبے پر عملدرآمد کے کیلئے پشاور اور ڈی آئی خان دونوں اطراف سے بیک وقت زمین کی خریداری کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا، 365 کلو میٹر طویل موٹر وے پر 348 ارب روپے لاگت آئے گی، موٹر وے خیبرپختونخوا کے 7 اضلاع کو ایک دوسرے سے جوڑے گی۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پشاور ڈی آئی خان موٹر وے صوبائی حکومت کا فلیگ شپ منصوبہ ہے جو صوبے کی معاشی ترقی میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس موٹروے کی تعمیر سے صوبے میں معاشی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، منصوبے کی تکمیل سے ناصرف لوگوں کو ٹرانسپورٹ کی معیاری سہولیات فراہم ہوں گی بلکہ روزگار کے مواقع بھی ملیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ہدایت کی کہ مجوزہ موٹروے کی تعمیر کیلئے متعلقہ محکمے مل بیٹھ کر قابل عمل تجاویز حتمی منظوری کیلئے پیش کریں۔