وزیراعظم نے انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دینے کا اعلان کردیا جس کی سربراہی وہ خود کریں گے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی میں پاکستانیوں کی اموات کے دلخراش واقعے پر اہم اجلاس ہوا۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی کے حادثے میں پاکستانیوں کی اموات پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہوں کی گرفتاریوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیرِ اعظم نے اجلاس میں انسانی اسمگلنگ کو انسانیت کے خلاف جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس جرم میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے خصوصی ٹاسک فورس قائم کرنے کا اعلان کیاجس کی سربراہی وہ خود کریں گے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک چھ منظم انسانی اسمگلنگ کے گروہوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔ بارہ ایف آئی آرز درج کی گئیں۔ پچیس افراد کی نشاندہی ہوئی جبکہ تین اہم ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ سولہ افراد کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالے جا چکے ہیں۔اجلاس میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہوں کے اثاثہ جات، گاڑیوں اور بینک اکاؤنٹس ضبط کرنے کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔
وزیرِ اعظم نے تمام متعلقہ اداروں بشمول وزارت خارجہ کو انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کو توڑنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ملوث عناصر کو عبرتناک سزا دی جائے گی۔





















