اسلام آباد ہائیکورٹ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکی جیل سے رہائی اور وطن واپسی کی درخواست پر سماعت کے دوران عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ امریکا نےعافیہ صدیقی کی رحم کی اپیل مسترد کر دی گئی ہے ۔ جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے ریمارکس دیئے امریکا ہمیں ہماری اوقات دکھا رہا ہے۔
امریکی وکیل کلائیو سمتھ نے ویڈیو لنک کے ذریعے بتایا کہ سابق امریکی صدر جو بائیڈن نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رحم کی اپیل مسترد کر دی ہے ۔ امریکہ نے پاکستان کے ساتھ قیدیوں کی رہائی کا معاہدہ کرنے سے انکار کر دیا ۔
جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کہا سابق امریکی صدر نے اپنے بیٹے کی سزا تو معاف کر دی لیکن ہمارے قیدی کو رہا نہیں کیا ۔ امریکا ہمیں ہماری اوقات دکھا رہا ہے ۔
وزیراعظم اور وزیرِخارجہ کے بیرون ممالک دوروں کی تفصیلات پر مشتمل رپورٹ بھی عدالت میں پیش کردی گئی ۔ امریکا میں پاکستانی سفیر کی ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے متعلق ملاقاتوں میں شرکت نہ کرنے پر جواب اورعدالتی سوالات کے جوابات پر مشتمل رپورٹ بھی عدالت میں جمع کرا دی گئی ۔ عدالت نے کیس کی سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی۔





















