پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے ہنگامہ آرائی کے دوران تجارتی تنظیمات ترمیمی بل سمیت 4 قوانین منظور کر لیے گئے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس مقررہ وقت سے ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، وزیراعظم شہباز شریف، میاں نواز شریف، بلاول بھٹو زرداری، وزیر دفاع خواجہ آصف، راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان اور دیگر ایوان موجود رہے۔
اپوزیشن اراکین نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بینرز اٹھا کر شدید احتجاج کرتے ہوئے پیکا ایکٹ نامنظور کے نعرے لگائے جبکہ اپوزیشن اراکین نے ایجنڈے کی کاپیاں بھی پھاڑ دیں۔ اپوزیشن کے شدید احتجاج اور نعرے بازی کے باعث مشترکہ اجلاس کی کارروائی شدید متاثر ہونے لگی۔
وزیر تجارت جام کمال نے تجارتی تنظیمات ترمیمی بل 2021 اور درآمدات و برآمدات انضباط ترمیمی بل 2023 ایوان میں پیش کیے جنہیں منظور کر لیا گیا۔
سینیٹر منظور کارکڑ نے نیشنل ایکسیلنس انسٹیٹیوٹ بل 2024 ایوان میں پیش کیا جسے منظور کرلیا گیا جبکہ ایوان میں پیش کیے جانے والا قومی ادارہ برائے ٹیکنالوجی بل 2024 بھی کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔
پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 12 فروری تک ملتوی کر دیا، اجلاس 18 منٹ تک جاری رہا جبکہ 9 منٹ میں 4 بل کثرت رائے سے منظور کیے گئے۔
اجلاس میں کل 8 بلز پیش کیے جانے تھے جن میں سے 4 منظور کر لیے گئے جبکہ 4 مؤخر کر دیے گئے۔ مؤخر کیے جانے والے بلز میں قومی کمیشن برائے انسانی ترقی ترمیمی بل 2023، این ایف سی ادارہ برائے انجینیرنگ و ٹیکنالوجی ملتان ترمیمی بل 2023، نیشنل اسکلز یونیورسٹی اسلام آباد ترمیمی بل 2023 اور وفاقی اردو یونیورسٹی برائے آرٹس، سائنس و ٹیکنالوجی اسلام آباد ترمیمی بل 2023 شامل ہے۔





















