سپورٹس کمنٹیٹر علی یونس کا کہنا ہے کہ خوشدل شاہ کو بنگلا دیش پریمئیر لیگ ( بی پی ایل ) یا چیپمئنز کپ کی ایک یا دو اننگز کی بنیاد پر نیشنل ٹیم میں لانا حیران کن ہوگا۔
ذرائع کے مطابق چیمپئینز ٹرافی 2025 کے حوالے سے سلیکشن کمیٹی اجلاس میں قومی ٹیم اسکواڈ فائنل کرلیا گیا ہے اور چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کی اجازت کے بعد قومی اسکواڈ کا اعلان ایک دو روز میں متوقع ہے جبکہ خوشدل شاہ کو بھی ٹیم کا حصہ بنائے جانے کا امکان ہے۔
سماء کے پروگرام ’ زور کا جوڑ ‘ میں خوشدل شاہ کی چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ میں متوقع انٹری اور کپتانوں کی جانب سے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو فیور دینے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے علی یونس کا کہنا تھا کہ ابھی تک کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی اور سب افواہیں ہیں لیکن میں امید کرتا ہوں کہ ایسا نہ ہو اور انہیں بطور اوپنر ٹیم میں تو بالکل نہیں شامل کیا جانا چاہیے۔
علی یونس کا کہنا تھا کہ ہم خوشدل شاہ کو چھٹے یا ساتویں نمبر پر تو دیکھ سکتے ہیں لیکن اوپننگ کا فیصلہ نہیں ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب بھی کوئی لیڈر ہوگا یا کسی پرائیویٹ ایسوسی ایشن میں جو ہیڈ ہوگا تو وہ جن لوگوں کے ساتھ خود کو بہتر محسوس کرے گا انہیں لوگوں کو آگے لائے گا، جیسے سابق کپتان بابر اعظم شاداب خان کے ساتھ بہتر محسوس کرتے تھے تو وہ انہیں ٹیم میں لائے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اگر وائٹ بال کپتان محمد رضوان کی بات کریں تو وہ اور خوشدل شاہ ایک ہی ریجن کی ٹیموں میں کھیل چکے ہیں شاید وہ اسی لیے انہیں ٹیم میں لانا چاہ رہے ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ لیکن یہ بڑا حیران کن ہوگا کہ خوشدل شاہ کو بنگلا دیش پریمئیر لیگ ( بی پی ایل ) یا چیپمئنز کپ کی ایک یا دو اننگز کی بنیاد پر نیشنل ٹیم میں لائے ۔