آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے کپتانوں کی تقریب میں بھارتی کپتان روہت شرما کی شرکت کا فیصلہ تاحال نہیں ہوسکا ہے۔ یہ تقریب 16 یا 17 فروری کو کراچی میں ہونے کا امکان ہے، تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ کو ابھی تک آئی سی سی کی جانب سے کوئی حتمی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری دیواجیت سائیکیا نے کہا ہے کہ روہت شرما کے پاکستان جانے پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی اور یہ معاملہ تاحال ایجنڈے میں شامل نہیں۔ بھارتی حکومت کی اجازت درکار ہوگی یا نہیں، اس بارے میں بھی کوئی تصدیق نہیں ہوئی۔
آئی سی سی نے کپتانوں کی تقریب، افتتاحی تقریب، اور دیگر تقریبات میں تمام ٹیموں اور کپتانوں کی شرکت کو یقینی بنانے کی درخواست کی ہے۔کپتانوں کی تقریب 16 یا 17 فروری کو کراچی میں منعقد ہونے کا امکان ہے، جہاں تمام ٹیموں کے کپتانوں کی شرکت متوقع ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ روہت شرما کے پاکستان جانے کے فیصلے کے لیے مزید مشاورت اور حکومتی ہدایات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔