سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا کی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات ایک بریک تھرو ہے۔
بدھ کے روز جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کی سماعت کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہر سماعت پر رٹے رٹائے گواہ آ جاتے ہیں اور ہرایک گواہی دیتا ہے جس کا نہ سر ہے نہ پیر ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کا جیسا ٹرائل چل رہا ہے ایسے چلانا ہے تو سیدھا سیدھا پہلے ہی سزا دے دیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ جیسے ایک دن پتہ چلا تھا کہ بنگلا دیشی سابق وزیر اعظم حسینہ واجد عہدے پر نہیں رہیں ایسے ہی ایک دن پتہ چلے گا یہ نظام بھی نہیں رہا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے پاکستان تحریک انصاف کے مطالبے پر کمیشن بن جائے گا اور مذاکرات بھی چلیں گے۔
دوسری جانب جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کی سماعت کے دوران استغاثہ کے مزید چار گواہان کی شہادت قلم بند کی گئی جس کے بعد مقدمہ میں مجموعی طور پر 9 گواہان کی شہادتیں ریکارڈ ہو چکی ہیں۔
جی ایچ کیو حملہ کیس کی مزید سماعت ہفتہ 25 جنوری تک ملتوی کی گئی ہے۔