بارشیں نہ ہونے سے ملک کے مختلف مقامات پر خشک سالی کے آثار نمودار ہونے لگے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ساڑھے 5 ماہ کے دوران ملک میں 40 فیصد کم بارشیں ہونے سے سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے متعدد علاقوں میں خشک سالی شروع ہوگئی ہے جو بڑھ بھی سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یکم ستمبر سے 15 جنوری تک ملک میں 40 فیصد کم بارشیں ہوئیں، سندھ میں 52 فیصد اور بلوچستان میں 45فیصد کم بارشیں ریکارڈ کی گئی۔ پنجاب میں بھی 42 فیصد کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے، پنجاب کے خطہ پوٹھوہار،لیہ،بھکر،ملتان میں معمولی خشک سالی نمودار ہونے لگی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بارانی علاقوں میں بھی بارش کا زیادہ امکان نہیں، بارش نہ ہونے سے خشک سالی کی صورتحال مزید بڑھ سکتی ہے، آنے والے دنوں میں ملک میں درجہ حرارت بھی بڑھنے کا امکان ہے۔
راجن پور، بہاولپور، بہاولنگر سرگودھا، خوشاب، میانوالی میں خشک سالی کے آثار ہے، سندھ میں کراچی، ٹھٹھہ، بدین، حیدرآباد سمیت 10 شہروں میں ہلکی خشک سالی نمودار ہونے لگی ہے۔ بلوچستان میں اورماڑا، خاران، تربت، کیچ، پنجگور میں ہلکی خشک سالی ہے۔