آئینی بینچ کے مقدمات ریگولر بینچ میں لگانے پر سپریم کورٹ کے ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل کو آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی ( او ایس ڈی ) بنادیا گیا۔
سپریم کورٹ کے ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل نذر عباس کو او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے اور اس حوالے سے ایڈیشنل رجسٹرار ایڈمن نے آفس آرڈر جاری کر دیا ہے۔
نذرعباس کو جسٹس منصور علی شاہ کے بینچ نے توہین عدالت کا نوٹس جاری کر رکھا ہے اور سپریم کورٹ انہیں ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم بھی دے چکی ہے۔
سپریم کورٹ کے جج جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے آئینی ترمیم کے بعد بینچ کے اختیارات سے متعلق کیس کی سماعت مقرر نہ ہونے کے معاملے پر توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا کہ بتایا جائے مقدمہ سماعت کیلئے آج مقرر کیوں نہ ہوا؟، ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل کل صبح ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔