وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے پاکستان پوسٹ کو 30 جون تک ریونیو 14 ارب تک بڑھانے کا ٹاسک سونپ دیا۔
وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان کی زیر صدارت پاکستان پوسٹ کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں انہوں نے پاکستان پوسٹ کو 30 جون تک ریونیو 14 ارب تک بڑھانے کا ٹاسک سونپا ہے۔
وفاقی وزیر مواصلات نے پاکستان پوسٹ کو فریم ورک تبدیل کرنے اور عالمی معیار کی کورئیر کمپنی بنانے کا ٹاسک بھی دیا اور ہدایت کی کہ اپنے ادارے میں پیشہ وارانہ مہارت لا کر ملازمین کا روزگار بچائیں۔
اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پاکستان پوسٹ نے گزشتہ سال کی نسبت رواں سال اب تک 23.5 فیصد زائد محصولات حاصل کیے ہیں اور پاکستان پوسٹ کے بزنس میں اضافہ ہوا ہے جبکہ اخراجات میں کمی اور خدمات میں بہتری حکمت عملی کا حصہ ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان پوسٹ نے 1.4 بلین روپے مالیت کے نئے کاروبار بڑھانے کے اقدامات کیے ہیں، اخراجات میں کمی کے اقدامات سے رواں مالی سال 2.4 بلین روپے کی بچت ہوگی جبکہ بقایا جات کی وصولی اور پوسٹ آفس کی بلڈنگز کو کرایہ پر دینے سے بھی محصولات میں اضافہ ہوگا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ہمیں کفایت شعاری کے ساتھ ساتھ غیر ضروری اخراجات میں کمی لانا ہو گی، پاکستان پوسٹ کے بہتر بزنس ماڈل سے گزشتہ چند ماہ میں مثبت تبدیلی نظر آنے لگی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مضبوط اور مؤثر مارکیٹنگ نیٹ ورک سے پاکستان پوسٹ کو منافع بخش بنایا جا سکتا ہے۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ڈاک کی ترسیل کا نظام جدت اختیار کر چکا ہے اس لئے پاکستان پوسٹ کو موجودہ تقاضوں میں ڈھالیں، پاکستان پوسٹ اپنے ریونیو کو بڑھانے کے اہداف میں اضافہ کرے جبکہ نجی اداروں کا مقابلہ کرنے کے لئے ڈیجیٹلائزیشن کو یقینی بنائے۔