پاک فوج کی ملک کے لئے قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ فوجی جوان ہر دم ملک کی حفاظت اور بقاء کےلئے اپنی جان قربان کرنے کو تیار رہتے ہیں۔ وطن کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو پوری قوم خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
دفاع وطن کے لئے دی جانے والی لازوال قُربانیاں افواجِ پاکستان کی میراث ہیں۔ وطن سے محبت میں جان نچھاور کرنا پاک فوج کے سپاہیوں کی پہچان ہے۔ جان قربان کرنے والے عظیم سپوتوں کی قربانیوں نے پاکستان کی بنیادوں کو مضبوط کیا۔
دفاع وطن میں جان قربان کرنے والی داستانوں میں سے ایک نائیک محمد جنید شہید کی بھی ہے، نائیک محمد جنید(شہید )نے 9 نومبر 2024 کو کوئٹہ میں شہادت کے عظیم رتبہ پر فائز ہوئے، ضلع لودھراں سے تعلق رکھنے والے نائیک محمد جنید (شہید) نے 1 ستمبر 2009 کو پاکستان آرمی میں شمولیت اختیار کی۔ نائیک محمد جنید (شہید) نے سوگواران میں بیوہ، دو بیٹے اور ایک بیٹی چھوڑے ہیں۔
نائیک محمد جنید (شہید) کے والد محترم نے اپنے احساسات و جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک شہید کا والد ہوں اور مجھے اپنے بیٹے پر فخر ہے، میرا بیٹا بہت فرمانبردار تھا میرا بہت خیال رکھتا تھا مجھے اپنی بیٹے کی بہت کمی محسوس ہوتی ہے۔ میری دعا ہے اللہ پاک پاکستان کو اور پاک فوج کو اپنی حفاظت میں رکھے۔
نائیک محمد جنید (شہید) کی بیوہ نے اپنے احساسات و جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اور میرے بچے نائک محمد جنید کی کمی کو بہت شدت سے محسوس کرتے ہیں، انکی کمی کوئی پوری نہیں کرسکتا، میرے بچے بڑے ہو کر فوج میں شمولیت اختیار کریں گے، اپنے والد کا خواب پورا کریں گے اور دہشت گردوں کا خاتمہ کریں گے، میں حکومت پاکستان اور آرمی چیف سے مطالبہ کرتی ہوں کہ دہشت گردوں کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے۔
نائیک محمد جنید (شہید) کے بیٹے نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنے بابا کی بہت یاد آتی ہے، میں بابا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاک فوج میں شمولیت حاصل کروں گا۔
شہید نائیک محمد جنید کے اہلِ خانہ کے جذبہ اور تاثرات نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا کہ جس قوم میں محب الوطنی سے سرشار ایسے دلیر لوگ ہوں اس قوم کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔






















