انٹربینک میں پاکستانی روپیہ کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں مسلسل کمی کے بعد آج دوبارہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق آج کاروبار کے دوران مجموعی طور پر ڈالر کی قدر میں 32 پیسے اضافہ ہوگیا، انٹر بینک میں ڈالر 279 روپے 12 پیسے پر بند ہوا۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے مہنگا ہوکر 281 روپے کا ہوگیا۔
کرنسی ڈیلرز کے مطابق کاروباری دن کے آغاز پر انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 25 پیسے کی معمولی کمی ہوئی تھی تاہم بعدازاں ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان برقرار نہ رہ سکا۔
واضح رہے کہ پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت مسلسل 5 ہفتوں کی کمی کے بعد گزشتہ ہفتے ملا جلا رجحان رہا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت جمعے کے روز 278.80 روپے کی سطح پر بند ہوئی تھی جو پیر کو 276.83 روپے تھی۔ ڈالر کی قیمت میں رواں ہفتے کے دوران مجموعی طور پر ایک روپے 19 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں مسلسل 28 کاروباری دنوں میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی اور اس دوران ڈالر کی قیمت 277 کی سطح سے نیچے چلی گئی تھی تاہم منگل کے روز ڈالر کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا جب اس کی قیمت میں 20 پیسے کا اضافہ ہوا اور بدھ کے روز اس کی قیمت 3.26 روپے تک بڑھ گئی۔