وفاقی وزیر و صدر استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی ) عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان من گھڑت اور خطے میں قیام امن کوسبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش ہے۔
بھارتی آرمی چیف کے پاکستان سے متعلق بیان پر وفاقی وزیر و صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کی جانب سے سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا اور انہوں نے اس حوالے سے جاری اپنے خصوصی بیان میں کہا کہ ایسے بیانات سے پاکستان کی امن کوششوں کو داغدار یا نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن و استحکام اور دوستی و بھائی چارے کی فضا کو فروغ دیا ہے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کا غیر ذمہ دارانہ بیان ان کی عاقبت نا اندیشی کا مظہر اور قابل افسوس و باعث مذمت ہے اور بھارت کشمیریوں کی آزادی کا حق غصب کرنے کے بعد کس منہ سے دوسروں پر کیچڑ اچھال سکتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کو اپنے رویے پر شرمندگی محسوس کرتے ہوئے ایسے بیان پر معافی مانگنی چاہئے۔