نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) اور ڈی پی ورلڈ کی جوائنٹ وینچر کمپنی کے توسط سے متعدد تجارتی سامان پر مشتمل کنٹینروں کا پہلاقافلہ کراچی سے وسطی ایشیائی ریاستوں کے لیے روانہ کردیا گیا۔ یہ تاریخی سنگ میل لاجسٹکس کے دونوں بڑے اداروں کی باہمی شراکت داری کے نتیجے میں طے ہوا۔
اس موقع پر کراچی میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین اور سی ای او عزت مآب جناب سلطان احمد بن سولیم نے وسطی ایشیائی ریاستوں کے لیے کارگو سروس کا افتتاح کیا۔ ڈی پی ورلڈ اور این ایل سی کے سینئر حکام سمیت معروف کاروباری شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سلطان احمد بن سولیم نے کہا کہ دونوں اداروں کے مابین اشتراک پورے خطے میں رابطوں اور تجارت کو فروغ دینے کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا، این ایل سی کی خطے میں موجودہ حیثیت اور ڈی پی ورلڈ کی عالمی سطح پر موجودگی سے بے پناہ کاروباری مواقع میسر آئیں گے جس سے اقتصادی سرگرمیوں کو تقویت ملے گی۔
سلطان احمد بن سولیم نے کہا کہ اس پیشرفت سے کاروبار میں آسانی پیدا ہوگی اور ترسیل کی لاگت اور وقت میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔
ڈائریکٹر جنرل این ایل سی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے علاقائی تجارت پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے اور خطے کی کاروباری برادری کو بھرپور فائدہ ہوگا، ترسیل کا مربوط نظام اور بلا رکاوٹ تجارت کو پاکستان کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی میں مد دگار ثابت ہوں گے، یہ سروس علاقائی تجارت کی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے دونوں اداروں کی ترقی کے عزم کا عملی اظہار ہے۔