پی آئی اے کی براہ راست پرواز پی کے 749 ساڑھے چار سال بعد فرانس کے دارالحکومت پیرس میں لینڈ کر گئی۔ یہ پرواز اسلام آباد سے دن ساڑھے 12 بجے روانہ ہوئی تھی اور آٹھ گھنٹے کے سفر کے بعد پیرس ایئرپورٹ پر پہنچی۔
تفصیلات کے مطابق پیرس ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے عملے اور پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے مسافروں کا استقبال کیا۔پی آئی اے کی پہلی پرواز پر سی ای او پی آئی اے عامر حیات سمیت اعلیٰ عہدیداران بھی پیرس پہنچے۔ اس پرواز میں 317 مسافر اور عملہ شریک تھا۔
پیرس ایئرپورٹ پر مسافروں کی آمد کے موقع پر استقبالیہ کیک کاٹنے کی تقریب منعقد کی گئی، جس میں پی آئی اے کے حکام اور پاکستانی سفارتخانے کے نمائندے شریک ہوئے۔یہ پرواز پاکستان اور فرانس کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور پاکستانی کمیونٹی کو سہولت فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔