الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے غزہ متاثرین میں 15 کروڑ کا امدادی سامان تقسیم کیا گیا جبکہ مزید 50 کروڑ مختص کردیئے گئے ہیں۔
صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے کہاہے کہ الخدمت کا بین الاقوامی رفاہی اداروں کے اشتراک سے 7 اکتوبر سے غزہ میں ریلیف آپریشن جاری ہے۔ غزہ اِس وقت شدید انسانی بحران کا شکار ہے جہاں پانی، خوراک اور طبی امداد کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت اب تک 15 کروڑ کا امدادی سامان فراہم کیا جا چکا ہے اور مزید 50 کروڑ روپے بھی غزہ متاثرین کے لیے مختص کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن بین الاقوامی اداروں کے ذریعے امدادی سامان رفح بارڈر پر پہنچا چکی ہے جہاں رفاہ بارڈر کچھ وقت کے لیے بھی کھلا تو امدادی سامان کے ٹر ک متاثرہ علاقوں تک پہنچ جائیں گے۔
ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے کہاکہ فوری طورپر غزہ میں موجود بین الاقوامی رفاہی اداروں کے اشتراک سےمیسر و موجود وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا اور ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں اور سکولوں میں قائم کیمپوں میں پکے پکائے کھانے اور موسمی اثرات سے بچاؤ کے لیے ونٹر پیکج کی تقسیم کا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔
اِسی طرح آبادیوں میں خشک راشن تقسیم کیا جا رہا ہے اور ابتدائی طور پر ہسپتالوں کو ادویات کی فراہمی کی گئی ہے ۔الخدمت فاؤنڈیشن اور پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کی میڈیکل ٹیمیں غزہ جانے کے لیے تیار ہیں۔ پاکستانی قوم آگے بڑھ کر مصیبت زدہ فلسطینیوں کی مدد کرے۔