پاکستان کے معروف روحانی اسکالر سید سرفراز شاہ نے پیشگوئی کی ہے کہ ہم جن مشکلات سے نکل رہے ہیں اب بھارت ان میں پھنسنے جا رہا ہے ۔
سماء کے پروگرام ’’ ندیم ملک لائیو ‘‘ میں روحانی اسکالر سید سرفراز شاہ نے نئے سال 2025 میں پاکستان کی سیاسی و معاشی صورتحال سمیت اہم معاملات پر پیشگوئیاں کیں۔
پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے روحانی اسکالر سید سرفراز شاہ کا کہنا تھا کہ اس وقت بانی پی ٹی آئی سب سے مقبول لیڈر ہیں اور وہ مستقبل قریب میں جیل سے باہر آجائیں گے لیکن انہیں حکومت ملنے کیلئے تقریباً 4 سال انتظار کرنا ہوگا ، وہ انگریز سے اچھی طرح واقف ہیں ، ان کیلئے یہ ایڈوانٹج ہے۔
روحانی اسکالر نے پیشگوئی کی کہ سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کا مستقبل اچھا ہوگا، ہر بیوی کا شوہر پر اثرو رسوخ ہوتا ہے اور ہونا بھی چاہیے۔
سید سرفراز احمد نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) سے متعلق پیشگوئی کہ بلاول بھٹو کے وزیراعظم بننے میں وقت ہے اور انہیں میچور ہونے میں بھی وقت لگے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سے متعلق انہوں نے کہا کہ مریم نواز زندگی کے اچھے دن دیکھ رہی ہیں اور ہوسکتا ہے مزید آگے جائیں لیکن مستقبل میں وزیراعظم بنتی نظر نہیں آتیں۔
سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ( ن ) کے سربراہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی عملی سیاست کا وقت ختم ہو چکا ہے اور وہ خود شاید پاور میں آنا پسند نہیں کریں گے۔
سید سرفراز کا کہنا تھا کہ شاید وزیر اعظم شہباز شریف تھوڑا وقت چل جائیں اور میرا خیال ہے حکومت کا ہائبرڈ نظام چلے گا لیکن زیادہ دیر نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک ڈیڑھ مہینے سے پاکستان کے حالات ٹھیک ہونا شروع ہوگئے ہیں اور 2 سے ڈھائی سال میں پاکستان تیزی سے ترقی کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ جس نے بھی برا کیا اس نے بھگتا ہے ، بھارت نے پاکستان کے ساتھ جو کچھ کیا وہ بھگتے گا ، ہم جن مشکلات سے نکل رہے ہیں اب بھارت ان میں پھنسنے جا رہا ہے ، اُمید رکھنی چاہیے اللہ تعالیٰ ہمارے لیے بہت کچھ کرے گا۔



















