بنگلا دیش کے اہم فاسٹ بولر مستفیض الرحمان انگلینڈ کے ڈیوڈ ولی اور اوپننگ بلے باز جیسن رائے نے پی ایس ایل 10 کے ڈرافٹ کے لیے سائن کر لیا۔
مستفیض الرحمان نے آئندہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے لیے رجسٹریشن کرائی ہے، وہ ٹورنامنٹ میں شامل ہونے والے بین الاقوامی کھلاڑیوں کے پول میں شامل ہو گئے ہیں۔
اس سے قبل، انگلینڈ کے اوپننگ بلے باز جیسن رائے نے بھی پی ایس ایل 10 کے لیے سائن اپ کیا تھا، جس نے ستاروں سے بھرپور لائن اپ میں اضافہ کیا۔ علاوہ ازیں پی ایس ایل انتظامیہ نے انگلینڈ کے ڈیوڈ ولی اور آسٹریلیا کے عثمان خواجہ کی شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔
ڈیوڈ ولی کو انڈین پریمیر لیگ میں لکھنؤ سپر جائنٹس نے اپنے اسکواڈ کا حصہ بنایا تھا تاہم انھوں نے اب بھارتی ٹورنامنٹ سے دستبرداری اختیار کرلی اور پی ایس ایل کو ترجیح دی ہے۔ انگلش کرکٹر نے مہنگی ترین بھارتی لیگ کو اہمیت نہ دیتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کیلئے پلئیر ڈرافٹ میں خود کو رجسٹرڈ کروانے کا اعلان کیا ہے۔
اس سے قبل ہونے والے پی ایس ایل کے 9 ویں ایڈیشن میں انگلش کرکٹر نے ملتان سلطانز کی نمائندگی کی تھی انھیں فرنچائز نے باضابطہ طور پر سائن کیا تھا اور ان کی پرفارمنس بھی اچھی رہی تھی۔
پی ایس ایل میں ڈیوڈ ولی نے اپنے 11 میچز میں 20.40 کی اوسط اور 7.46 کے اکانومی ریٹ سے 15 وکٹیں حاصل کیں تھی اور سیزن کے چوتھے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والر بولر بنے تھے۔
انگلینڈ کے جارح مزاج بلے باز ڈیوڈ ملان نے بھی اپنی دستیابی ظاہر کردی۔ پی ایس ایل انتظامیہ کے مطابق انگلش بلے باز ڈیوڈ ملان نے پاکستان سپر لیگ 10 کے ڈرافٹ کیلئے خود کو رجسٹر کرالیا۔
انگلیڈ کے فاسٹ بولر لیوک ووڈ نے پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کے دسویں ایڈیشن کیلئے سائن اپ کرلیا۔
آسٹریلیا کے وکٹ کیپر بیٹر الیکس کیری نے پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے پلیئر ڈرافٹ کیلئے باضابطہ طور پر سائن اپ کر لیا۔ اب تک عثمان خواجہ، انگلینڈ کے ٹام کرن، ڈیوڈ ملان اور جیسن رائے، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن اور مستفیض الرحمان اور زمبابوے کے سکندر رضا سائن اپ کر چکے ہیں۔
آسٹریلیا کے سیم باؤلنگ آلراؤنڈر شان ایبٹ نے پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کے دسویں ایڈیشن کے لئے سائن اپ کرلیا۔
پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کی تیاریاں عروج پر ہیں اور ڈرافٹنگ کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں نے اپنی رضا مندی بھی ظاہر کرنا شروع کر دی ہے۔
ہفتے کے روز آسٹریلوی آلراؤنڈر شان ایبٹ نے پی ایس ایل 10 کے ڈرافٹ کے لئے آفیشل سائن اپ کیا جس کی تصدیق سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر پاکستان سپر لیگ کے آفیشل ہینڈل سے کی گئی۔
آسٹریلیا کے وکٹ کیپر بیٹر الیکس کیری نے بھی پی ایس ایل 10 کھیلنے کی تصدیق کرتے ہوئے پلیئر ڈرافٹ کے لئے سائن اپ کیا جبکہ عثمان خواجہ بھی ایونٹ کے لئے رضا مندی ظاہر کر چکے ہیں۔
پی ایس ایل سیزن 10 کیلئے جنوبی افریقہ کے کوربن بوش نے بھی رجسٹریشن کروا لی ہے جنہوں نے حال ہی میں پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں نہایت شاندار کارکردگی دکھائی ہے ، وہ باولنگ اور بیٹنگ کے دونوں شعبوں چھائے ہوئے ہیں ۔
نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر ڈیرل مچل نے پاکستان سُپر لیگ ( پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے پلیئر ڈرافٹ کیلئے باضابطہ طور پر سائن اپ کرلیا۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے 2025 کے ڈرافٹ کے سلسلے میں غیرملکی پلیئرز کی رجسٹریشن جاری ہے یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کئی نامور انگلش کرکٹرز رجسٹریشن کے عمل کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن 10 کےلیے کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل اس وقت جاری ہے جس کا ڈرافٹ 11 جنوری کو گوادر میں ہونا ہے۔






















