پاکستانی گلوکار وارث بیگ نے کہا ہے کہ میں واحد پاکستانی ہوں جو بھارتی اداکاروں کو کام دینے بھارت گیا۔
حال ہی میں ایک ویب شو میں گفتگو کرتے ہوئے گلوکار وارث بیگ کا کہنا تھا کہ میں خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ لوگ بھارت میں کام کی تلاش کے لئے جاتے ہیں لیکن میں نے وہاں جا کر بھارتی فنکاروں کو کام کرنے کا موقع فراہم کیا۔
وارث بیگ کا کہنا تھا کہ میں جس وقت بھارت گیا تو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات خراب تھے اور ویزا آسانی سے نہیں ملتا تھا۔
گلوکار کا کہنا تھا کہ جب ایسی صورتحال میں آپ دوسرے ملک جاتے ہیں تو آپ کا اپنے ملک میں بھی نام ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے بھارت کے فنکاروں کو اچھے معاوضے پر کام فراہم کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے ہمشہ اپنے ملک کی عزت کا خیال رکھا ہے اور پیسے یا شہرت کے لیے اس بات پر سمجھوتا نہیں کر سکتا۔