انسداد دہشتگردی عدالت نے جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں 5 دسمبر کی عدالتی کارروائی کی سی سی ٹی وی فوٹیج فراہم کرنے سے متعلق بانی پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کی درخواستوں کو مسترد کر دیا۔
انسداد دہشتگری کی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے آج ہونے والی سماعت میں پراسیکیوٹر کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کی جانب سے 5 دسمبر کی عدالتی کارروائی کی سی سی ٹی وی فوٹیج فراہم کرنے کی درخواستوں کو مسترد کر دیا۔
پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے اپنے دلائل میں کہا کہ عدالت کا علاقہ پنجاب حکومت کے زیر انتظام ہے لہٰذا فوٹیج کے حصول کے لیے ہوم ڈیپارٹمنٹ اور ہائیکورٹ ہی اختیار رکھتی ہے۔ دوسری جانب عدالت نے جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کے اور 2 ملزمان عاصم اور شہیر سکندر کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی۔
اسی طرح جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں عدالت نے سابق ایم این اے بلال احمد پر بذریعہ پلیڈر فرد جرم عائد کر دی جس کے بعد اس مقدمہ میں ابتک کل 117 ملزمان پر فرد جرم عائد ہو چکی ہے۔ مقدمے میں 2 ملزمان کو اشتہاری قرار دیا گیا ، کیس کی آئندہ سماعت 6 جنوری 2025 تک ملتوی کر دی گئی۔