جنوبی وزیرستان میں دہشت گردی کے واقعہ پر وفاقی وزیر اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے شدید مذمت کی ہے، کہا کہ دہشت گردی کے عفریت پر قابو پانے کے لئے ساری قوم پاک فوج کر ساتھ کھڑی ہے۔
تعزیتی پیغام میں عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا عسکری اداروں کے جوانوں نے مادر وطن کی حفاظت کےلئے جانوں کے نذرانے پیش کر دیئے ۔ ان کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔ اللہ تعالٰی غمزدہ خاندانوں کو ہمت اور حوصلہ عطا فرمائے اور شہداکےدرجات بلند کرے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر خوارج کے حملے کی کوشش میں 8 خوارج ہلاک جبکہ 16 جوان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق خوارج نے مکین میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی جسے فورسز نے ناکام بناتے ہوئے 8 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔ دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 16 جوان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔