وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جب کہیں گے تب سول نافرمانی تحریک شروع ہوگی۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مجھے گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرنے دی گئی، مجھے کہا گیا کہ آپ کو ملاقات کی اجازت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں پورے خیبرپختونخوا کا نمائندہ ہوں، مجھے کسی سے کلیئرنس کی ضرورت نہیں، جو اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں کیا ان کی کلیئرنس ہے؟
سول نافرمانی سے متعلق سوال پر وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی جب بتائیں گے تب سول نافرمانی تحریک شروع ہوگی، ان کے احکامات آئیں گے پھر اس پرعمل ہوگا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے مزید کہا بانی نے آج سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان کرنا تھا۔
قبل ازیں پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی حفاظتی ضمانت میں 16 جنوری تک توسیع کردی ۔ جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ پرمشتمل دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔ پشاور ہائیکورٹ نے علی امین گنڈاپور کو درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیدیا۔