وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ،مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان سے ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی۔ پاکستان اور ایران کے تعلقات میں فروغ اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ایرانی سفیر سے روڈ انفراسٹرکچر اور تجارتی راہداریوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران سے پہلے سے موجود تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ پیچیدہ بین الاقوامی حالات میں باہمی تعاون دونوں ممالک کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔
عبدالعلیم خان نے بتایا کہ بیرون ملک سے سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے حکومت مربوط روڈ میپ پرعمل پیرا ہے۔ پاکستان کی بہتر ہوتی ہوئی معیشت غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے پرکشش مواقع فراہم کرتی ہے۔ پاکستان اور ایران ایک دوسرے کے تجربات اور صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون میں مزید اضافے پر زور دیا۔ عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ تجارت اور سرمایہ کاری میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیا جانا چاہیے۔ ٹرانسپورٹیشن کے شعبہ میں درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔