بحریہ ٹاؤن چیمپیئنز ٹی 20 کپ میں یو ایم ٹی مارخور کی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اے بی ایل سٹالیئنز کی ٹیم کو تین رنز سے جبکہ نورپور لائینز کی ٹیم نے اینگرو ڈولفنز کو 35 رنز سےشکست دے دی ۔
پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں چھٹے روز کا ساتواں میچ اے بی ایل سٹالیئنز اور یو ایم ٹی مارخور کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں یو ایم ٹی مار خور کی ٹیم نے 3 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔
یو ایم ٹی مارخور کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 170رنز بنائے، فخر زمان نے 39 ، خواجہ نافع نے 36، محمد شہزاد نے 28 ، محمد نواز نے 28 اور سرور آفریدی نے 21 رنز کی اننگ کھیلی۔
سٹالیئنز کی جانب سے طاہر حسین اور عثمان طارق نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں سٹالیئنز کی ٹیم 20 اوورز میں6 وکٹ پر167 رنز بنا سکی اور تین رنز سے میچ ہار گئی۔
معاذ صداقت نے 82 ، محمد حارث نے 22 ، یاسر خان نے 17 اور شعیب ملک نے 16 رنز بنائے۔
لائینز اور ڈولفنز
چھٹے روزکا آٹھواں میچ نور پور لائینز اور اینگرو ڈولفنز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں نورپور لائینز نے 35 رنز سے کامیابی حاصل کی۔
نور پور لائینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔
امام الحق نے 65 ، خوشدل شاہ نے 57 اور حسن نواز نے 50 رنز بنائے جبکہ امام الحق اور حسن نواز کے درمیان ٹورنامنٹ کی پہلی 100 رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ بھی قائم ہوئی۔
جواب میں اینگرو ڈولفنز کی ٹیم 19.4 اوورز میں 159 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔