متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم پاکستان ) کے ڈپٹی کنوینر انیس قائمخانی نے کہا ہے کہ دنیا جانتی ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کی ٹریننگ میں کرپشن اور دھوکا بازی شامل ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیان میں رد عمل دیتے ہوئے ڈپٹی کنوینر انیس قائمخانی کا کہنا تھا کہ کراچی اور حیدر آباد کے شہریوں نے پیپلز پارٹی کو ہمیشہ مسترد کیا ہے۔
خیال رہے کہ اتوار کے روز بلاول بھٹو زرداری نے حیدر آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اتحادی جماعتیں خوفزدہ ہیں اور الیکشن سے بھاگنا چاہتی ہیں، میں نے ایم کیو ایم کو بلدیاتی الیکشن لڑنے کا کہا مگر وہ میری بات نہیں مانے، میں ان سے بھیک مانگتا رہا، صرف پاؤں پکڑنا باقی تھا مگر وہ ڈر کر پیچھے ہٹ گئے۔
انیس قائمخانی کا رد عمل میں کہنا تھا کہ ایسے میئرز پر ترس آتا ہے جسے شہری میئر ماننے پر تیار ہی نہیں ہیں، دھاندلی کے نتیجے میں پی پی کو ملنے والی نشستیں دھواں ہو جائیں گی۔