وزیراعظم شہباز شریف کا ملائشین وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔وزیراعظم نے سیلاب سے متاثرہ ملائشین عوام سے ہمدردی اور ہر ممکن مدد کی پیشکش کردی۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ملائشین وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں ملائیشیا میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے مشکل کی اس گھڑی میں ملائشین عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا عزم ظاہر کیا اور قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے ملائشین حکومت کے فوری اور مؤثر اقدامات کو سراہا۔وزیراعظم نے ملائیشیا کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی پیشکش کی اور فوری طور پر انسانی امداد بھیجنے کا اعلان کیا۔
ٹیلی فونک گفتگو کے دوران وزیراعظم نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور انہیں مزید مضبوط بنانے کے عزم کو دہرایا۔ ملائیشین وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم نے پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطح کے دوروں کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
گفتگو میں اس بات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ ملائیشین وزیراعظم کے دورہ پاکستان کے دوران جن تجارتی مسائل کی نشاندہی ہوئی تھی، ان میں سے اکثر کو کامیابی سے حل کر لیا گیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے مختلف اہم شعبوں میں باہمی تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔