اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نیروباڈی ایئرکرافٹ پارکنگ کی سہولت میں توسیع کردی گئی۔ مسافروں کی سہولت اور ایئرپورٹ کی آمدنی میں بھی اضافہ متوقع ہے۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نیروباڈی ایئرکرافٹ پارکنگ کی سہولت میں مزید توسیع کی گئی ہے۔ پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق، وائیڈباڈی ایئرکرافٹ سٹینڈز کو اب نیروباڈی ایئرکرافٹ آپریشنز کے لیے بھی استعمال کیا جا سکے گا۔
پی اے اے کا کہنا ہے کہ اس پیچیدہ منصوبے کی تکمیل سے مسافروں کے لیے سہولت میں اضافہ ہوگا اور ایئرپورٹ کی آمدنی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔ فی الحال ایئرپورٹ پر چھ نیروباڈی ایئرکرافٹ بریجز اور نو وائیڈ باڈی ایئرکرافٹ بریجز آپریشنل ہیں۔ پہلے مرحلے میں تین وائیڈباڈی بریجز کو نیروباڈی ایئرکرافٹ آپریشنز کے لیے قابل استعمال بنایا گیا ہے، جس سے پیسنجر بورڈنگ بریجز کی مد میں ایک سو چھتیس ملین روپے کی اضافی آمدنی حاصل ہوئی ہے۔
پی اے اے کے مطابق، عنقریب مزید پانچ وائیڈ باڈی بریجز/سٹینڈز پر بھی نیروباڈی ایئرکرافٹ آپریشنز شروع کیے جائیں گے، جس سے مجموعی طور پر آٹھ وائیڈ باڈی بریجز نیروباڈی طیاروں کے لیے استعمال کیے جا سکیں گے۔
یہ منصوبہ مقامی طور پر مکمل کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں نہ صرف مسافروں کو بہتر سہولیات ملیں گی بلکہ آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔ منصوبے کے کامیاب نفاذ سے ایئرکرافٹ ٹرن راؤنڈ ٹائم اور کاربن کے اخراج میں بھی کمی ممکن ہوگی۔