وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرادوف کی ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں تجارتی شراکت داری کے فروغ اور باہمی تعلقات مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیربرائے سرمایہ کاری بورڈ،مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان اور پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضرفرادوف کی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ عبدالعلیم خان نے حالیہ دورہ آذربائیجان کو مثبت اور یادگار قرار دیا۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں آذربائیجان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو فروغ دے سکتا ہے۔ ہمیں اپنے تعلقات کو بزنس اور دوطرفہ تجارت میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر نے آذربائیجان کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانے کی پیشکش کی۔ ملاقات میں کراچی سے سکھر اور سکھر سے حیدرآباد موٹرویز کے منصوبوں میں سرمایہ کاری پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
سفیر خضر فرادوف نے پاکستان کے ساتھ تعاون کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں پاکستان، آذربائیجان، اور ترکیہ کے تینوں ممالک کی مشترکہ کاوشوں کی تجویز پر غور کیا گیا اور آذربائیجان کے لیے بورڈ آف انویسٹمنٹ سے فوکل پرسن کی نامزدگی پر اتفاق کیا گیا تاکہ قریبی روابط برقرار رکھے جا سکیں۔