آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہاہے کہ قربانیاں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غیرمتزلزل لگن کی عکاس ہیں ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر نے ایپکس کمیٹی کے فیصلوں کے تناظر میں پشاور کا دورہ کیا جس دوران سیکیورٹی صورتحال اور انسداد دہشتگردی آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کے پی کے اور فیلڈ کمانڈرز بھی موجود تھے ، آرمی چیف نے شہدا ء اور غازیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور انہوں نے دفاع وطن کیلئے دی جانے والی قربانیوں کا ذکر کیا ۔
آرمی چیف نے کہا کہ قربانیاں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غیرمتزلزل لگن کی عکاس ہیں۔ پاک فوج کے سربراہ نے خطرات سے نمٹنے کیلئے فوجیوں کے بلند حوصلے اور تیاریوں کو سراہا جبکہ دہشت گردوں اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے غیرقانونی سپیکٹرم کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ۔
آرمی چیف نے کہا کہ دشمن عناصرکے مذموم عزائم ناکام بنانا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کیخلاف قوم اور سیکیورٹی فورسز کے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا ۔