خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں اور بلوچستان کے ضلع آواران، ڈیرہ بگٹی اور کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران 7 خوارجی ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آرکےمطابق 22 نومبرکی علی الصبح سیکیورٹی فورسز نےبنوں ضلع میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک کامیاب آپریشن کیا جس میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، فائرنگ کے نتیجے میں 3 خوارج واصل جہنم ہوئے جبکہ 2 زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع آواران میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے، دونوں ہائی ویلیو مطلوب دہشت گردوں کی شناخت نیاز عرف گھمن اور ظریف عرف شاہ جہاں کے طور پر ہوئی۔
ضلع ڈیرہ بگٹی میں ایک اور آپریشن کے دوران دہشت گرد مارا گیا جبکہ ضلع کیچ میں ایک اور کارروائی میں مزید ایک اور دہشت گرد ہلاک ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے ہتھیار، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، یہ دہشت گرد ماضی میں سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کا کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا،صدر زرداری نے وطن کےمحافظوں کی بہادری کو سراہا۔وزیراعظم شہباز شریف کا بھی بہادر سیکیورٹی فورسز کو سلام،کہاحکومت ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے متحرک ہے،انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے۔