شمالی اور جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز میں 2 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ فائرنگ کے تبادلہ میں 2 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق شمالی اور جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسزکی دہشگردوں کے ساتھ جھڑپوں کے دوران دو امن دشمن ہلاک کردیئے گئے، جبکہ قوم کے دو بیٹوں نے ارض پاک پرجان نچھاور کردی ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی ورستان کےعلاقےعسمان منزہ میں جھڑپ کے دوران ایک دہشتگردہلاک اورایک زخمی ہوا، امن دشمنوں سے بے جگری سے لڑتے ہوئے کوٹلی آزاد کشمیر کے اکتیس سالہ سپاہی ساجد اعظم نے جام شہادت نوش کیا ۔
دوسرا واقعہ شمالی وزیرستان کےعلاقےمیران شاہ میں پیش آیا جہاں سکیورٹی فورسز نے جھڑپ میں ایک دہشتگرد ٹھکانے لگا دیا جبکہ کرک سے تعلق رکھنے والے ستائیس سالہ وارث خان امن دشمنوں کا مقابلہ کرتے ہوئے ارض وطن پر قربان ہوگئے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں علاقوں میں دہشتگردوں کےخاتمےکیلئےکلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ بہادرجوانوں کی ایسی قربانیاں سیکیورٹی فورسزکےعزم کومزیدمضبوط کرتی ہیں ۔