بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے عالمی سطح پر دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے دہشت گردانہ منصوبے نہ صرف اس خطے بلکہ پوری دنیا کے لئے تباہ کن ثابت ہو رہے ہیں، حال ہی میں آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وونگ نے بھارت پر کینیڈا میں سکھوں کو نشانہ بنانے پر تشویش کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق کینیڈا واحد ملک نہیں جس نے بھارتی اہلکاروں پر غیر ملکی سرزمین پر قتل کی سازش کرنے کا الزام لگایا، پینی وونگ نے کہا کہ سکھ برادری سمیت دیگر لوگوں کو آسٹریلیا میں محفوظ پناہ اور احترام کا حق ہے، ہم کینیڈا کے عدالتی عمل کا احترام کرتے ہیں اور ان واقعات کی صاف و شفاف تحقیق کا مطالبہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں قانون کی حکمرانی، عدلیہ کی آزادی اور تمام ممالک کی خودمختاری جیسے معاملات کے سلسلے میں ایک اصولی موقف موجود ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیوں کو کینیڈین شہری ہردیپ سنگھ نجر سمیت کئی سکھ رہنماؤں کے ناموں پر مشتمل فہرست دی گئی تھی ، کینیڈا کی حکومت نے تحقیقات کے بعد بتایا کہ ہردیپ سنگھ کے قتل کا حکم بھارتی انٹیلی جنس نے دیا تھا، بھارت کی جانب سے دنیا کے دیگر ممالک میں اپنی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ذریعے کارروائیاں اب پوری دنیا پر عیاں ہو چکی ہیں۔