قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزرا کی عدم موجودگی پر ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے برہمی کا اظہار کیا۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے حکومت پر سخت تنقید کی تو ڈپٹی اسپیکر نے انہیں تلخی سے گریز کی تنبیہہ کر دی۔
اجلاس کے آغاز پر ایوان میں وزرا کی عدم موجودگی پر ڈپٹی اسپیکر غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا حکومت کی طرف سے توجہ دلاؤ نوٹسز کا جواب کون دے گا۔ اس صورتحال کا سخت نوٹس لیا جاتا ہے ۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے وزرا کی عدم موجودگی پر تنقید کی تو حکومتی ارکان نے شور مچا دیا ۔ ڈپٹی اسپیکر نے بھی عمرایوب کو ٹوکا کہ وہ الفاظ کا چناؤ ٹھیک کریں ایوان میں تلخی والا ماحول نہ بنائیں۔ اسی گرماگرمی میں قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا گیا۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ کل جس طرح بل منظور کئے گئے وہ شرمناک ہے ۔ وزرا اور وزیراعظم کے متعلق ریمارکس پر حکومتی ارکان کے احتجاج پر ڈپٹی اسپیکر نے بھی عمر ایوب کو الفاظ کا چناؤ ٹھیک کرنے کی ہدایت کی ۔