پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے آسٹریلیا کے ہاتھوں پہلے ون ڈے میں شکست کی بڑی وجہ بتادی۔
آسٹریلیا نے 3 میچز کی سیریز کے پہلے ون ڈے میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دی ہے۔
پیر کو میلبرن میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 203 رنز پر آؤٹ ہوئی جس کے جواب میں آسٹریلیا نے 204 رنز کا ہدف 34 ویں اوور میں حاصل کیا۔
آسٹریلیا کو 3 میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاسٹ باؤلر حارث رؤف کا کہنا تھا کہ ہم نے پوری کوشش کی میچ جیتنے کی، مگر رزلٹ ہماری حق میں نہیں رہا، لو سکورنگ میچ میں اٹیک کرکے اور وکٹیں حاصل کرکے میچ جیتا جاسکتا ہے۔
فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ مجھے ایم سی جی میلبرن میں کھیلنا بہت اچھا لگتا ہے، یہاں بہت اچھی یادیں ہیں، اس گراؤنڈ پر دوبارہ ہیٹرک کرنے کا موقع تھا لیکن یہ موقع گنوا بیٹھا۔
حارث رؤف کا کہنا تھا کہ اسکور ڈفینڈ کرسکتے تھے اور ہم نے پوری کوشش بھی کی،جب آپ اٹیکنگ کرکٹ کھیلتے ہیں تو پھر آپ کو یہ تسلیم کرنا پڑتا ہے کہ ایکسٹرا رنز بنیں گے، کوشش ہوگی کہ اگلے میچوں میں غلطیوں پر قابو پائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ رنز تب بنتے ہیں جب پارٹنرشپ لگتی ہے، ہماری ٹیم اچھی پارٹنرشپ نہیں لگا سکی جس وجہ سے رنز نہیں بن سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میچ کے دوران کریمپس کسی کو بھی پڑ سکتے ہیں، انجری بتا کر نہیں آتی۔