وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان نے ملک بھر کے صنعتی زونز کے لیے خصوصی مراعات یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز ملک میں صنعتوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ خصوصی مراعات دیں گے تو ہی ملک میں صنعتوں کو فروغ حاصل ہو گا۔
عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اسپیشل اکنامک زونز پر فوکل گروپ کے اجلاس میں فری اکنامک زونز کو درپیش مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا ۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر چین کو ایک اسپیشل اکنامک زون کے ترقیاتی امور آزمائشی بنیادوں پر دینے کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔
عبدالعلیم خان نے کراچی انڈسٹریل پارک کے فری اکنامک زون کو ماڈل بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ خصوصی مراعات فراہم کیے بغیر ملک میں صنعتی ترقی ممکن نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسپیشل اکنامک زونز کو درپیش مسائل کا قابل عمل حل نکالنا ہوگا۔ مسائل کے حل میں توانائی اور صنعت کی وزارتیں بھی بھرپور کردار ادا کریں۔
آئندہ اجلاس میں فل ایجنڈا زیر بحث لایا جائے گا اور اہم فیصلوں کی منظوری دی جائے گی۔اجلاس میں توانائی، صنعت، اور سرمایہ کاری کے وفاقی سیکرٹریز اور سینئر افسران نے شرکت کی۔