وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس دوران وزیراعظم آفس ، وزارت دفاع ، محکمہ امیگریشن اور پاسپورٹس کیلئے کروڑوں روپے کی گرانٹس کی منظوری دیدی گئی ۔
وزارت خزانہ کے مطابق وزیراعظم آفس اوراسٹاف کالونی کیلئے 25 کروڑ 27 لاکھ روپےکی تکنیکی گرانٹ منظور کر لی گئی ۔گرانٹ کا مقصد بلا تعطل شہری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے، وزارت داخلہ کی درخواست پر رقم سی ڈی اے کو فراہم کی جائےگی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت دفاع کیلئے1.8 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دیدی ہے ، یہ رقم صدراوروزیراعظم کےسرکاری دوروں کیلئےدو وی وی آئی پی طیاروں پرخرچ کی جائےگی، فنڈ دونوں وی وی آئی پی طیاروں کےانجن کی مرمت کیلئےمختص کیا گیا ہے۔
ای سی سی اجلاس میں محکمہ امیگریشن اور پاسپورٹس کیلئے 2 ارب 93 کروڑروپےکی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کر لی گئی ہے ، یہ رقم رقم 2 ای پاسپورٹ پرسنلائزیشن سسٹمزاور 6 ڈیسک ٹاپ مشینوں کی خریداری پرخرچ ہوگی۔
اس کے علاوہ فلڈ رسپانس ریمرجنسی ہاوسنگ پراجیکٹ کیلئے 30 ارب روپے کے اجرا کی منظوری دی گئی ، بجٹ میں پہلے سے مختص رقم صوبہ سندھ کو جاری کی جائے گی۔
وزارت خزانہ کے مطابق نیب کیلئے 37 کروڑ 60 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری کی گئی ہے ، گرانٹ کا مقصد ریکوری اینڈ ریوارڈ رولز 2002 کے مطابق اخراجات کو پورا کرنا ہے۔
اجلاس میں چین میں تجارتی مشنز کیلئے 22 کروڑ 67لاکھ روپے سے زائد کی ضمنی گرانٹ منظوری بھی دیدی گئی ہے ۔