محکمہ ماحولیات نے آئندہ ہفتے لاہور میں اسموگ کی شرح میں ہوشربا اضافے کا خدشہ ظاہر کردیا ہے ، سیکرٹری ماحولیات راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ اسکولوں میں چھٹیاں اور مزید علاقوں میں گرین لاک ڈاون لگایا جاسکتا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سردیوں کے آغاز پر لاہور شدید سموگ کی لپیٹ میں ہے اور اس کے تدارک کیلئے لاہور کے چند علاقوں میں گرین لاک ڈاون کا نفاذ کر دیا گیاہے جبکہ اسے مزید علاقوں تک بڑھائے جانے کا امکان ہے ۔
سیکرٹری ماحولیات راجہ جہانگیرانور نے سماء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے 12 ایریاز فضائی آلودگی کے ہاٹ سپاٹ ہیں، لاہور میں شملہ پہاڑی کےاطراف ایک ہاٹ سپاٹ پرگرین لاک ڈاون لگایا۔ گلبرگ، ڈیفنس، گلشن راوی، انارکلی، اچھرہ، اندرون لاہوربھی ہاٹ سپاٹ، لاہورکےمزیدعلاقوں میں گرین لاک ڈاون کا پلان ہے۔
راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ اسموگ کےپیش نظرتعلیمی اداروں کوبند کیا جاسکتا ہے، محکمہ تعلیم پنجاب کیساتھ تعلیمی اداروں کی صورتحال پرگفتگوجاری ہے، اتوارسےاسموگ میں مزیداضافہ ہوگا، اتوار سے بھارتی پنجاب سےہواؤں کا رخ پاکستان کی جانب ہوگا، آئندہ ہفتےفضائی آلودگی میں ہوش ربا اضافہ ہوسکتا ہے، اگلے 6 سے 8 روز میں مصنوعی بارش کاپہلا ٹرائل کرسکتے ہیں۔