وزیراعظم شہباز شریف سے روسی فیڈرل اسمبلی کی اسپیکر ویلینٹینا میٹاوینکو کی اہم ملاقات ہوئی ہے، پاکستان اور روس کے پارلیمانی تعلقات کے استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے روسی فیڈرل اسمبلی کی فیڈریشن کونسل کی اسپیکر ویلینٹینا میٹاوینکو نے اسلام آباد میں وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ وزیراعظم نے روسی وفد کے اس دورے کو دونوں ملکوں کے پارلیمانی تعلقات کی مضبوطی کی جانب اہم قدم قرار دیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور روس کے تعلقات میں مضبوطی اور استحکام کو خوش آیند قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی وسیع گنجائش موجود ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دسمبر میں پاک روس مشترکہ کمیشن کا اجلاس دونوں ملکوں کے درمیان تعاون میں فروغ کا باعث بنے گا۔ وزیراعظم نے روسی صدر کے لیے نیک خواہشات اور دورہ پاکستان کی دعوت کا پیغام بھی دیا۔