لاہور دنیا بھر کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کا ائیرکوالٹی انڈکس خطرناک حدتک بڑھ گیا، لاہور کاموجودہ مجموعی ائیر کوالٹی انڈکس 707 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ بین الاقوامی ائیر مانیٹرز کے مطابق لاہور دنیا بھر کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا۔
فضا میں کیمیائی مادوں کی تعداد عالمی ادارہ صحت کی گائیڈلائنز سے 85 گنا زائد ہے، لاہور کی فضا میں سلفیٹ، نائٹریٹ، کاربن سمیت مختلف دھاتیں شامل ہیں۔
جوہر ٹاون اور اطراف کے علاقے سب سے آلودہ، انڈکس 893 ریکارڈ کیا گیا، ٹھوکر نیاز بیگ 878، واپڈا ٹاون 830 ائیرکوالٹی انڈکس، گلبرگ اور اطراف کے علاقوں میں 754 ائیرکوالٹی، ڈیفنس 726، ڈیوس روڈ 700، ٹاون شب 633 ریکارڈ کیا گیا۔
طبی ماہرین کے مطابق لاہور کی فضا سانس لینا زہر کے مترادف ہے، شہری غیر ضروری گھروں سے باہر نکلنے سے اجتناب کریں، باہر نکلتے ہوئے فلٹر والے ماسک کا استعمال کیا جائے۔
دوسری جانب محکمہ تحفظ ماحول کے اسکواڈ نے لاہور کوآلودہ شہر بنانے والی مزید 4 انڈسٹریل یونٹس گرادیے، فیکٹریاں محکمہ تحفظ ماحول کے نوٹسز کے باوجود ایمشن کنٹرول سسٹم نصب نہیں کررہی تھیں۔ متعلقہ حکام نے 941 گاڑیاں چیک کیں، دھواں چھوڑتی 234 گاڑیوں کے چالان کیے، درجنوں گاڑیوں کو بند کیا، 503,000 روپے کے جرمانے کیے گیے۔